موجودہ حکومت باہمی تعاون کے ذریعے ملک میں خوراک کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، زرعی پیداوار میں اضافے اور تمام شہریوں کو محفوظ اور صحت مند خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی کوششیں کامیاب ہونگی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خوراک کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت باہمی تعاون کے ذریعے ملک میں خوراک کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ (آج) بدھ کو خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ زرعی پیداوار میں اضافے اور تمام شہریوں کو محفوظ اور صحت مند خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی کوششیں کامیاب ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ورلڈ فوڈ ڈے کا موضوع صحت مند خوراک اور بھوک کے خاتمے سے متعلق ہے جو موجودہ حکومت کے غربت اور بھوک کے خاتمے سے مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کا عالمی دن ہم سب کیلئے ایک اہم دن ہے، یہ دن ہمیں عالمی سطح پر بھوک اور کم غذائیت کے خاتمے کیلئے کوششوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے اور زراعت ہماری معیشت میں اہم سیکٹر ہے اس لئے یہ بھرپور توجہ کا مستحق ہے۔

موجودہ حکومت زرعی سیکٹر کی بحالی کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی، ایف اے او اور سیکورٹی اینڈ ریسرچ یو این ایجنسیز کے اشتراک سے خوراک کا عالمی دن منا رہے ہیں۔ اس دن کا مقصد تمام شہریوں کو صحت مند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کی غرض سے کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں