اقتصادی ترقی کی شرح اگلے دو سال 2.4 فیصد رہنے کا امکان

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت 10 روز تک جاری رہے گی

بدھ 16 اکتوبر 2019 14:52

اقتصادی ترقی کی شرح اگلے دو سال 2.4 فیصد رہنے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ مالیاتی خسارہ کم کرنے کے لئے حکومت نے اہم اقدامات اٹھائے جس سے معیشت میں بہتری آئی ہے تاہم ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح اگلے دو سال تک 2.4 فیصد تک ہی رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 13 فیصد رہے گی اور آئندہ سال بیروز گاری میں معمولی اضافہ ہوگا۔

آئی ایم ایف کے ماہر معاشی امور جیان مالیسی فیرٹی نے کہا کہ پاکستانی حکام نے ملک میں درپیش مسائل کے باوجود مالیاتی خسارہ کم کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔آئی ایم ایف ماہرین کے مطابق 2018 میں اقتصادی ترقی 2.3 فیصد تھی جو کم ہو کر 2019 میں 1.7 فیصد ہوئی لیکن اسٹیٹ بنک کی بہتر پالیسی کی وجہ سے ایکسچینج ریٹس بہتر ہوئے جس سے ملک میں معاشی استحکام نظرآنا شروع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 2020 تک پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 2.4 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو خطے میں درپیش کشیدگی اور تیل کی قیمتوں سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔آئی ایم ایف کے مطابق 20-2019 میں عالمی اقتصادی ترقی کی شرح میں اعشاریہ پانچ فیصد کمی آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں