پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو باہمی تناظر اور یورپین یونین کے حوالے سے خاص اہمیت دیتا ہے،

پاکستان اور پرتگال کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے صحافی ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے آگاہ ہوسکیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پرتگال کے سفیر پائول نیویس پیچنی سے گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو باہمی تناظر اور یورپین یونین کے ڈھانچے میں اہمیت دیتا ہے۔ وہ پرتگال کے سفیر پائول نیویس پیچنی سے گفتگوکر رہی تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے میڈیا ،انفارمیشن اور کلچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے عوام کے مابین رابطے کے لئے کلیدی کردار ادا کریگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے صحافی ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے آگاہ ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان سیاحوں کے لئے پرکشش مقامات کے طور پر ابھرتا ہوا ملک بن رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس کی ثقافت ،تنوع تہذیب قدیم ہے ،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع اور سیاحت کے شعبے میں بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں کیونکہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر اور ویزا پالیسی میں نرمی اور بہتری لائی گئی ہے ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگا ہ کیا جن میں مسلسل لاک ڈائون ،مواصلات کی بندش ،ناکہ بندیاں اور مسلسل کرفیو شامل ہے ۔

انہوں نے کشمیریوں کی حمایت میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان بے گناہوں کی آواز سنیں جو محاصرے میں ہیں اور ان کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔پرتگال کے سفیر نے کہا کہ پرتگال ان پہلے ممالک کی فہرست میں شامل ہے جس نے قیام پاکستان کے فورا بعد اسے تسلیم کیا اور پرتگال باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں