سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنائو کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کا کردار قابل تحسین ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:04

سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنائو کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کا کردار قابل تحسین ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنائو کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کردار قابل تحسین ہے، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جنگ سے بھوک کے سوا کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا لہذا اس راستے کی طرف نہیں بڑھنا چاہئے۔

جمعرات کو جاری کردہ بیان میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، ایک حصے کی تکلیف پورے جسم کی تکلیف بن جاتی ہے، کشمیر، فلسطین،شام، عراق، ارض حرمین شریفین اور یمن میں سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت حالات خراب کئے گئے ہیں جس پر ہم مسلمانوں کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مصالحانہ کردار کے بعد یقینی طور پر معاملات مثبت سمت آگے بڑھیں گے۔

سعودی عرب پر حملوں کے پیچھے بھی کئی عناصر کارفرما ہیں اور یہ قوتیں سعودی عرب کو ایک طاقتور اسلامی ملک کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتیں، اسی طرح پاکستان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جارہا ہے تاکہ مسلم ممالک اپنے مسائل میں الجھ کر استحکام کی جانب نہ بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طاقتیں کسی بھی اسلامی ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتیں ایسی صورتحال میں مسائل کا واحد حل وحدت امت میں ہے، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتے اسی طرح ایران کی قیادت نے بھی واضح طور پر مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے یہ نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا رویہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں