پاکستان اور پرتگال تجارتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں‘سلیم مانڈوی والا

ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں پرتگال ایک اہم ملک ہے اور دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی سطح پر بہتر تعاون کی گنجائش موجود ہے‘ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا پرتگال کے سفیر سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:04

پاکستان اور پرتگال تجارتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں‘سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور پرتگال تجارتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں تاکہ دونوں ملکوں میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے ۔ پرتگال کے سفیر پاولونیوس پونیہو سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات میں انھوں نے کہا کہ نجی شعبے میں را بطہ کاری کو مزیدفروغ دے کر دو طرفہ تجارت کو بڑھا یا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارتی حجم انتہائی نچلی سطح پر ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو پارلیمانی ، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پرتگال ایک اہم ملک ہے اور دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی سطح پر بہتر تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ سینیٹر مانڈوی والا نے کہا کہ پرتگال ٹیکسٹائل ، آلات جراحی ، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں مصنوعات پاکستان خرید سکتا ہے اور دونوں ملکوں کو مارکیٹ کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تجارت کو مزید وسعت دے سکتے ہیں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی رابطہ کاری عوامی سطح پر تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

اور دونوں ملک پارلیمانی شعبوں میں تعاون اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے نقطہ کی حمایت کے لیے وفود کے تبادلوں اور باہمی رابطہ کاری کو مزید فروغ دیں۔ پرتگال کے سفیر نے کہا کہ پرتگال کے سرمایہ کار اور بزنس کمیونٹی سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں ۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور پرتگال کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی اقتصادی شراکت داری اور ایک دوسرے پر اعتماد کی ایک مثال ہے اور اس منصوبے کے تحت نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پرتگال کی پارلیمنٹ کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی اور کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی۔

پرتگال کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے مابین تجارتی روابط کے استحکام اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پرتگال کی حکومت ، پارلیمان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں