چینی سفیر یاؤ جِنگ کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات ،

پاک چین سسٹرسٹیز فورم کے افتتاح کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:14

چینی سفیر یاؤ جِنگ کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی اور اگلے ماہ پاک چین سسٹرسٹیز فورم کے افتتاح کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ یہ فورم سسٹر شہر منصوبے کو عملی جامہ پہنانے اور پاکستانی اور چینی صوبوں میں باہمی تعاون اور پروجیکٹ کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دے گا۔

چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت چین کے ساتھ سِسٹر شہروں کے منصوبے سے ٹھوس نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اس سے دوطرفہ تعلقات میں اضافہ ہوگا اور چین کے ساتھ دوستی کے فوائد کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کے تحت شہر کے انتظامی امور، پبلک سروس ڈیلیوری، صحت عامہ، ماڈل گاؤں ، ماحولیاتی تحفظ، غربت کا خاتمہ پروگرام، تجارت اور سرمایہ کاری، سیاحت کا تعاون، آرٹ اور پیشہ ورانہ/تعلیم کے مراکز کا قیام و دیگر شعبوں میں باہمی تعاون شامل ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے آئی پی سی وزارت کی جانب سے پاک چائنہ سسٹر شہر منصوبے کے لئے تیار کردہ تجویز کو سراہا۔ سفیر نے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں ممالک کی مقامی حکومتوں کے مابین باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے سماجی و اقتصادی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں