”مسلم لیگ (ن) ، مولانا فضل الرحمن کے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی“: معروف صحافی کا دعویٰ

صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) صرف 31 اکتوبر کے جلسے میں شرکت کرے گی اور پھر واپس آ جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 10:46

”مسلم لیگ (ن) ، مولانا فضل الرحمن کے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی“: معروف صحافی کا دعویٰ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) معروف تجزیہ کار محمد مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان مولانا فضل الرحمن کی جماعت جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی، بلکہ صرف 31 اکتوبر کے جلسے میں شریک ہو گی، اور پھر وہاں سے واپس آ جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل میں دعویٰ کرتے ہوئے محمد مالک کا کہنا تھا کہ خبر یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مولانا کے ساتھ مکمل طور پر نہیں ہیں۔

کیونکہ انہوں نے اپنی آگے کی اینڈ گیم نہیں بتائی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا فائنل پلان کیا ہے۔ میں آپ سے یہ خبر شیئر کر رہا ہوں کہ نواز شریف صاحب کا جو خط ہے، جو ہمیں پُورا نہیں پڑھایا گیا، کسی کو پہلا صفحہ دیا گیا، کسی کو دُوسرے صفحے کا آدھا حصہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

اُس میں بڑا واضح فیصلہ ہو گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) آئے گی۔ میں 200 فیصد وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ31 اکتوبر کو اگر جلسہ ہوتا ہے، تو یہ جلسہ اٹینڈ کرے گی اور چلی جائے گی۔

اور نواز شریف سے یہ فیصلہ کروانے میں شہباز شریف کا بہت بڑا ہاتھ ہے ۔ نواز شریف پہلے دھرنے کے حق میں تھے۔ مگر شہباز شریف نے مسلسل اصرار کیا ہے کہ (دھرنے میں شرکت کا) نہ ہمارے لوگوں میں ڈی این اے ہے اور نہ مولانا کا آگے کچھ پتا ہے۔ شہباز شریف نے جو پریس کانفرنس کی، اس میں بھی انہوں نے یہی کہا کہ اگلا لائحہ عمل بعد میں طے کریں گے۔ انہوں نے نہ دھرنے کی بات کی اور نہ وہاں بیٹھنے کی بات کی۔ دراصل یہ لوگ مولانا فضل الرحمن کے جلسے میں شرکت کریں گے، پھر وہاں سے آ جائیں گے اور پھر اس کے بعد جلسوں کی ایک سیریز کریں گے۔ جبکہ بلاول نے بھی اپنے آپ کو اس دھرنے سے الگ کر دیا ہے اور علیحدہ سے جلسوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں