اپوزیشن کے بعد حکومت کو اتحادیوں کی جانب سے ٹف ٹائم ملنے کا امکان

ایم کیو ایم رہنماؤں نے عمران خان کی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ سینئیر صحافی کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 11:32

اپوزیشن کے بعد حکومت کو اتحادیوں کی جانب سے ٹف ٹائم ملنے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کو اس وقت اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ٹف ٹائم کا سامنا ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اعلان کردہ آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن نے گذشتہ روز بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد سے حکومتی صفوں میں بھی بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔ ایک طرف جہاں حکومت موجودہ حالات میں اپوزیشن کی جانب سے دئے جانے والے ٹف ٹائم سے پریشان ہے وہیں دوسری جانب وفاقی حکومت نے اپنے اتحادیوں نے بھی حکومت کو پریشان کرنا شروع کر دیا ہے۔

اس بات کا دعویٰ سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہم کیو ایم کے رہنماؤں نے بھی عمران خان کی حکومت پرعدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ حکومت کی نا قص کارکردگی، آپس کے اختلافات اور اپوزیشن کے مارچ کے اعلان کے بعد آخر کار اہم حکومتی شخصیت نے مدد گاروں کی مدد کے کے لیے رابطے بڑھا دیے ہیں۔

مدد گار سوچ میں ہیں کہ آخر کب تک؟
سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کے اس ٹویٹ کے بعد حکومتی صفوں میں مزید چہ مگوئیاں ہونا شروع ہو گئی ہیں جبکہ حکومتی نمائندوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی حکومت کو اتحادی جماعتوں کی جانب سے ٹف ٹائم دیا گیا۔

پہلے مسلم لیگ ق اور بی این پی مینگل نے حکومتی جماعت سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دئے۔ تاہم ایم کیو ایم پاکستان نے بھی حکومت سے اپنے اختلافات کا کھُل کا اظہار کر دیا تھا جس کے بعد حکومت نے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے ملاقاتیں بھی کی تھیں تاہم اب ایک مرتبہ پھر سے حکومت کی اتحادی جماعتیں حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں