وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کے وفد کی مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور کاروباری رہنمائوں سے ملاقاتیں،

پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 14:51

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کے وفد کی مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور کاروباری رہنمائوں سے ملاقاتیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کے وفد نے مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور کاروباری رہنمائوں کو پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا ہے ۔مشیر خزانہ جو اس وقت واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے اپنے وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اورکاروباری رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے انہیں حسابات جاریہ اور مالی خسارے میں کمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ہے ۔

وفد نے معیشت کے مختلف شعبوں کی بحالی ، ادارہ جاتی اصلاحات اور علاقائی وبین الاقوامی سرمایہ کار شراکت داروں کے تعاون سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتے کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد میں شامل سٹیٹ بینک آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر رضا باقر اور سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو ناکائو کے ساتھ ملاقات کی اور پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری منصوبوں اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا ۔

مشیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو حسابات جاریہ اور مالیاتی خساروں میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اے ڈی بی پاکستان کا اہم مالیاتی شراکت دار ہے ، اس موقع پر انھوں نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کی طرف سے کی گئی حالیہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا اعتراف بھی کیا ۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ورلڈ بینک کے جنوب ایشیائی خطے کے نائب صدر ہارٹوگ شیفر اور ان کی ٹیم سے بھی ملاقات کی، اس دوران پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون مستحکم بنانے کیلئے مزید اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا، پاکستان میں ورلڈ بینک کے جاری پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں مشیر خزانہ اور پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ و وسط ایشیا ئی ڈیپارٹمنٹ جہاد آزور سے بھی ملاقات کی ۔

انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اس موقع پر آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر نے حکومت پاکستان کی طرف سے اقتصادی استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھنے کیلئے عزم کو سراہا ۔ وفد کے اراکین جی24- کے وزراء و گورنرز کے اجلاس میں بھی شرکت ۔ جو آئی ایم ایف ورلڈ بینک 2019ء کے سالانہ اجلاسوں کے دوران منعقد ہوا ۔

مشیر خزانہ نے سارک وزرائے خزانہ کے غیررسمی اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں سارک خطے کے اندر تجارتی سہولیات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستانی وفد نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ گلوبل انویسٹر فورم میں بھی شرکت ، جس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستانی کی اقتصادی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے کی جانے والی پیشرفت کا جائزہ پیش کیا ۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ دریں اثناء امریکا پاکستان بزنس کونسل نے امریکی چیمبر آف کامرس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہو ئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے افدامات کو حکومتی ترجیح قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کو کاروبارکرنے کی پیش کش کرتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

انہوں نے معیشت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معیشت درست سمت گامزن ہے اور امریکی کاروباری برادری کو چاہئے کہ وہ پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں ۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے آئی ایف سی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی جس کی قیادت مس نینا سٹوئیل جیکویک کر رہی تھیں ، انہوں نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو پاکستان میں آئی ایف سی کے زیر غور منصوبوں بالخصوص ونڈ اور سولر توانائی کے شعبوں سے متعلق منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی سٹرکچرنگ کیلئے ایڈوائزری خدمات کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں