وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کا سخت نوٹس لے لیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لئے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو حکمت عمل مرتب کرنے،

آٹے،چینی،کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کی ہے ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی ، دھرنے کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، موجودہ حکومت کی کاوشوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے وزیراعظم نے منڈیوں تک سامان کی ترسیل کیلئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:21

وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کا سخت نوٹس لے لیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لئے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو حکمت عمل مرتب کرنے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کا سخت نوٹس لے لیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لئے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو حکمت عمل مرتب کرنے، آٹے،چینی،کوکنگ آئل سیمت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کی ہدایت کی ہے، ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی ، دھرنے کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، موجودہ حکومت کی کاوشوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے جس سے عوام مستفید ہونگے ، وزیراعظم نے منڈیوں تک سامان کی ترسیل کیلئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی ) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز علمائے کرام کو مدعو کیا تھا تاہم آج اس حوالے سے میڈیا میں ملاقات کے حوالے سے حقائق کے برعکس خبریں شائع ہوئی ہیں جس کی وضاحت ضروری تھی ۔اجلاس میں دونوں وزرائے اعلیٰ ، چیف سیکرٹریز ، متعلقہ فوڈ اور ایگریکلچرل کے حکام اور دیگر اداروں سمیت کمشنر بھی موجود تھے ۔

اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا ، جس میں ایک ایجنڈا سامنے رکھا گیا کہ عوام کو کس طرح مہنگائی سے نجات دلائی جا ئے تاکہ انہیں روز مرہ کی اشیاء خوردونوش سستے اور ارزاں نرخوں پر مہیا کر کی جا سکیں ۔ اجلاس میں مختلف اشیاء کی تفصیلات دی گئیں جن میں تین چیزیں ضروری ہیں ، جس میں گندم آٹا ، چینی اور کوکنگ آئل شامل ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ رات کو سرکاری خرچ پر ایک جلسہ ہوا جس میں ایک بچہ اقتدار کے لئے چیخ رہا تھا ، اس کے صوبے کے اندر حیدر آباد اور کراچی کے اندر آٹے کی قیمتیں بڑھی ہیں ۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس کی تفصیلات مانگی ہیں تاکہ معلوم ہو کہ سندھ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت کیوں بڑھی ہے ۔ وزیر اعظم نے پاسکو کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایک لاکھ ٹن گندم جاری کرے ۔ ہم سندھ کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں ، وہاں کے لوگوں نے ہمیشہ بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے ہیں لیکن سندھ کے عوام نے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو نشان عبرت بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا درد روٹی سے جوڑا ہوا ہے۔ اس عوام کو آپ لوگوں کے رحم و کرم پر کس طرح چھوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گندم اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو تجاویز مرتب کرنے اور موثر فیصلے کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ضرورت کے تحت درآمد سمیت تمام انتظامی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز اجلاس میں چینی کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گذشتہ روز اجلاس کے دوران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریکٹ ڈائون کا بھی حکم دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کاشتکار اور کسانوں کا استحصال نہ ہو اور آڑھتی ناجائز منافع خوری نہ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے اور تحصیل کی سطح پر مارکیٹ کمیٹیاں تشکیل دے کر ان کو فعال بنایا جائے ۔کوکنگ آئل کے حوالے معاون خصوصی نے کہا کہ جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو مرغی اور آئل کی قیمتیں بڑھی ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو اشیاء خوردونوش سستے داموں پر مہیا کرنے کے حوالے سے آئندہ ہفتے اجلاس میں جامع حکمت عملی پیش کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایات کی ہے کہ وفاق اور صوبے ملکر ایک میکنزم بنائیں ۔معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعواننے کہا کہ اوقاف اراضی کے حوالے سے وفاق اور صوبے ملکر لائحہ عمل تیار کرینگے جس سے زائرین کو سہولیات دستیاب ہوسکیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے علماء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا ۔

علمائے کرام معاشرے کی تشکیل میں مدد کریں ، انہوں نے کہا کہ علماء اکرام نے وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب کو سراہا ہے ، کشمیر کے حوالے سے موثر حکمت عملی خصوصاً وزیر اعظم کے بیانیہ پر 27اکتوبر کو یوم سیاح منایا جائے گا ، علماء اکرام نے حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا عندیہ دیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا سب کا آئینی ، قانونی اور انسانی حق ہے ، ڈاکٹروں اور کسانوں نے بھی احتجاج کیا ہے لیکن مولانا فضل رحمان کو لانگ مارچ کے لئے ڈنڈا بردارجتھوں کی ضرورت کیوں پڑی ہے اور یہ کس کے خلاف ہے ۔

اس مخصوص تنظیم کو انتشار اور فسادپھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت طے پایا ہے کہ ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے والوں اور ایسی سوچ رکھنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آزادی مارچ والوں کی طرف سے انتشار اور فساد کا عمل جاری رہا تو صوبائی حکومتیں آئینی اور قانونی حکمت عملی ترتیب دے چکی ہے ۔

ریاستی ادارے اور حکومت اس بات پر متفق ہے کہ پاکستان کے شہریوں کو پرائیویٹ ملیشیا کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، اگر ریاست میں کسی کو جان و مال کا خطرہ درپیش آتا ہے تو حالات اور صورتحال کے بعد حکومت حکمت عملی سامنے لائے گی ۔ اس ملک کے اندر تمام ادارے فعال ہیں، پارلیمنٹ بھی فعال ہے ۔ افواج پاکستان قومی سلامتی و دفاع کی ضامن ہے۔

ہر شخص کی جان و مال کو تحفظ دینا آئینی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج موجودہ حکومت کی کاوشوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے جس سے عوام مستفید ہونگے ۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ مارچ کرنے والوںکو مایوسی ہوگی ، انہوں نے یہ طے نہیں کیا کہ وہ دھرنے یا مارچ کیلئے آ رہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اگر پرائیویٹ گروہ یا تنظیم کسی بھی قسم کی کارروائیوں میں ملوث پا گیا تو ان کے خلاف آئین اور قانون کے تحت فیصلہ کیا جائیگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں