کشمیر بھی آزاد ہوگا، عافیہ صدیقی بھی واپس آئے گی،علی محمد خان

جب تک ریاست کی طرف حکم نہیں آئے گا، جہاد شروع نہیں ہوگا، ہمارے پاس غزوہ ہند کی بشارت ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امورکا یکجہتی کشمیر مارچ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 18:23

کشمیر بھی آزاد ہوگا، عافیہ صدیقی بھی واپس آئے گی،علی محمد خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر بھی آزاد ہوگا، عافیہ صدیقی بھی واپس آئے گی، جب تک ریاست کی طرف حکم نہیں آئے گا ، جہاد شروع نہیں ہوگا، ہمارے پاس غزوہ ہند کی بشارت ہے۔ انہو ں نے یکجہتی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کیلئے قوم کا مکمل اتحاد وقت کا تقاضا ہے۔

مقصد تب پورا ہوگا جب پاکستان کا نامکمل ایجنڈا کشمیر آزاد ہوگا۔ مودی نے 5 اگست کو کشمیریوں کے حقوق سلب کرکے سیاہ باب کا اضافہ کیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہمارے پاس غزوہ ہند کی بشارت ہے، اس کی تیاری کرنا ہے۔ جب تک ریاست کی طرف حکم نہیں آئے گا ، جہاد شروع نہیں ہوگا۔مودی کو شاید معلوم نہیں کہ مسلمان باطل سے نہیں گھبراتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ہم سب ملکر آزاد کروائیں گے۔ عافیہ صدیقی بھی قوم کی بیٹی ہے، عافیہ صدیقی بھی واپس آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کی طرف سے کشمیری عوام کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہیں اور نریندر مودی کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دے۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے واشگاف نعرے بھی لگوائے اور جدوجہد خوردارادیت کرنے والے حریت رہنمائوں کے غیر متزلزل جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

ملین مارچ سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر ملین مارچ کے دوران آزاد کشمیر کا 5 کلومیٹر طویل پرچم جناح ایونیو کے ساتھ لہرایا گیا۔ مارچ کا آغاز بلیو ایریا سینٹورس سے ہوا جو ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی، سیاسی و حکومتی شخصیات، اقلیتیں، تعلیمی اداروں کے نوجوان، خواتین و بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ملین مارچ کے دوران پانچ مختلف مقامات پر اسٹیج بنائے گئے، پہلا اسٹیج خواتین، دوسرا چیمبر آف کامرس، مزدور یونین، تیسرا اساتذہ ، طلبا، چوتھا اسٹیج کشمیر لیڈرشپ الائنس جبکہ پانچواں سٹیج سوسائٹی اور اقلیتوں کے لئے مختص کیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں