آزادی مارچ :عوام کو متحرک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دےدی ہے. مولانا فضل الرحمان

ابتدائی 29 یا 30 اکتوبر کو تبدیل ہوسکتا ہے لیکن 31 اکتوبر کو ہی شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہوں گے. جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 اکتوبر 2019 10:56

آزادی مارچ :عوام کو متحرک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دےدی ہے. مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اکتوبر ۔2019ء) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف)، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن میں آزادی مارچ میں شرکت کے لیے عوام کو متحرک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دےدی ہے. اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں عوام کو متحرک کرنے کے لیے مشترکہ مہم چلائیں گی تاکہ لوگ آزادی مارچ میں شریک ہوں.

(جاری ہے)

اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تینوں جماعتوں کے راولپنڈی ڈویژن نے مارچ کے لیے عوام کو متحرک کرنے کی حکمت عملی سے متعلق ایک اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جس میں فیصلہ ہوا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے راہنما مارچ میں اپنے کارکنان کو دھرنے میں بیٹھنے کی تیاری کے ساتھ لائیں گے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ راہنماﺅں نے یہ بھی منصوبے بنائیں ہیں کہ اگر حکومت نے انہیں روکنے کے لیے کنٹینرز کھڑے کیے تو کس طرح لوگوں کو مارچ میں لایا جائے.

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ تک ان کی جماعت جے یو آئی (ف) کے ساتھ کام جاری رکھے گی. جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا ہے کہ لاہور، پشاور اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والی ریلیاں روات اور اٹک پل سے راولپنڈی میں داخل ہوں گی‘تاہم انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ ابتدائی پلان ہے اور یہ 29 یا 30 اکتوبر کو تبدیل ہوسکتا ہے لیکن مارچ 31 اکتوبر کو ہی شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہوگا.

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اتنے لوگ موجود ہیں جو جناح ایونیو کو بھردیں‘انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے ابھی تک کسی جے یو آئی (ف) کے رہنما کو گرفتار نہیں کیا لیکن مختلف ذرائع سے پارٹی راہنماﺅں پر دباﺅ ڈالا جارہا ہے. علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان نے بتایا کہ پارٹی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں آزادی مارچ کا استقبال کرنے کے لیے منصوبہ بنالیا ہے اور پارٹی ورکرز کے تحفظ کے لیے 4 ٹیمیں بنادی ہیں جبکہ پی پی پی راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل چوہدری افتخار کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی شرکت کے لیے تیار ہے اور وہ جلد ہی کارکنان کو متحرک کرنے کی مہم کا آغاز کرے گی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں