محفوظ سمندری ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک ، اٹلی میں شمولیت

پاک بحریہ نے اٹلی میں قائم 32 رکنی ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک (T-RMN ) میں شمولیت اختیار کر لی ہے

پیر 21 اکتوبر 2019 12:36

محفوظ سمندری ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک ، اٹلی میں شمولیت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2019ء) پاک بحریہ نے اٹلی میں قائم 32 رکنی ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک (T-RMN ) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تنظیم میں شمولیت کے لیے ' نوٹ آف ایکسیشن' پر باقاعدہ دستخط کئے۔ جمہوریہ اٹلی کے سفیر اسٹیفنو پونتے کوروو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

   
    ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک رکن ممالک کے مابین ٹرانس ریجنل سطح پر میری ٹائم معلومات کے تبادلے میں سہولیات کی فراہمی کے لیے 2008 میں قائم کیا گیا ۔ ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک میں شمولیت سے پاک بحریہ کو میری ٹائم سے متعلق معلوما ت تک رسائی حاصل ہوگی جو کراچی میں پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر پر موجود جامع میری ٹائم نظام کو فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر 2013 میں اپنے آغاز سے ہی خطے میں میری ٹائم سے متعلق معلومات کا مرکزبن کر ابھر رہا ہے۔ خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے فی الوقت جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر متعدد علاقائی اور ٹرانس ریجنل اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ یکجا ہے۔
    ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک میں پاک بحریہ کا شامل ہونا پاک بحریہ کی معاونتی حکمت عملی کے ذریعے گہرے سمندر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایسے کثیرالملکی انتظامات دنیا بھر میں سمندری ٹریفک کی روانی پر رکن ممالک کے مابین معلومات کے تبادلے میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں