وفاقی وزیر فواد چوہدری کی چین کی متعدد کمپنیز کے نمائندوں، اپنے ہم منصب سے ملاقات

چین کے اشتراک سے پاکستان میں ایک ہائی پاورڈ کمیشن قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان میں ہائی پاورڈ ٹیکنالوجی انڈسٹری قائم کی جائے گی، فواد چوہدری

پیر 21 اکتوبر 2019 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چین کی متعدد کمپنیز کے نمائندوں سمیت اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، انہوں نے کہا ہے کہ چین کے اشتراک سے پاکستان میں ایک ہائی پاورڈ کمیشن قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، اس کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان میں ہائی پاورڈ ٹیکنالوجی انڈسٹری کو قائم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرچین کے چھ روزہ دورہ پرہیں۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر سائنس فواد چوہدری نے کہا کہ اس اشتراک کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے کے لئے ماڈرن ٹیکنالوجی کی صنعتیں اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ صنعتیں پاکستان کی تجارت کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہونگی۔ دونوں وزراء کے درمیان نینو ٹیکنالوجی اور پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی پارک کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہواہے۔ چینی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی وانگ ژی گینگ نے پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے فواد چوہدری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چینی وزیر سائنس نے پاکستان میں ہائی ٹیکنالوجی کی پیداوار اور اسکی درآمد میں بھی معاونت کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں