مک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ملک اس وقت کسی بھی سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، کسی بھی سیاسی انتشار سے ملک اور جمہوریت کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے،سپیکر اسد قیصر

منگل 22 اکتوبر 2019 00:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ملک اس وقت کسی بھی سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، کسی بھی سیاسی انتشار سے ملک اور جمہوریت کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو زیدہ ضلع صوابی میں بالترتیب 7 اور 8 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بوائز و گرلز ڈگری کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صوابی کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے میرا ساتھ دیا میں بھی اسی جذبہ اور نیت کے ساتھ صوابی کی عوام کی خدمت میں مصروف ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد تعلیم اداروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اٹھا رہی ہے جس سے تعلیمی نظام میں جدت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل نے گھیرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی تو ہمیں کمزور ترین معیشت ورثہ میں ملی تھی۔ انہوں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پائیدار اور عوام دوست فیصلوں کی بدولت ملک معاشی بحران پر قابو پا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے کئے گئے فیصلوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو چکے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے پاکستانی شہری آبادی پر جو فائرنگ کی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ انہوں نے کہ ہماری مسلح افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دندان شکن جواب دیا جس پر افواج پاکستان تحسین کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو طاقت کے زور سے دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 78 دنوں سے محصور کشمیریوں کے جذبات ابھی بھی تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو کشمیری عوام کی حالت زار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری عوام کے ساتھ یوم سیاہ کے موقع پر یوم یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں