عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں .بلاول بھٹو

ٓآصف زرداری کو طبی سہولت فراہم نہ کرکے پارٹی کو دباﺅمیں لانے کی کوشش کی جارہی ہے. صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 اکتوبر 2019 13:54

عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں .بلاول بھٹو
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اکتوبر ۔2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعلی اکاﺅنٹ کیس میں زیر حراست پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے متعلق حکومت پر الزام لگایا ہے کہ سابق صدر کو طبی سہولت فراہم نہ کرکے پارٹی اور اس کی قیادت کو دباﺅمیں لانے کی کوشش کی جارہی ہے. اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غیر جمہوری طاقتوں کا مقابلہ کیا اور کرتے رہیں گئے‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں جن کے استعفیٰ سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں.

(جاری ہے)

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ یہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباﺅ ڈالنا چاہتی ہے، افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جا رہی‘چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے، عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے، افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کررہی ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ مخالفین کے خلاف کریک ڈاﺅن کے لیے عدلیہ اور نیب پر دباﺅ میں ڈالیں.

انہوں نے کہا کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیاکی آزادی کی راہ میں عمران خان رکاوٹ ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وہ خود ہیں اس لیے استعفی دے کرعوام کی جان چھوڑیں، ان سے استعفیٰ لےکر سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں. یاد رہے کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس میں نیب نے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو 10 جون کو گرفتار کرلیا تھا اور ان دنوں وہ اڈیالہ جیل میں ہیںواضح رہے کہ آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی اسی کیس میں نامزد ہیں‘اس ضمن میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بھی جیل میں آصف علی زرداری کو طبی سہولت کی عدم دستیابی پر اپنے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں.

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری کو جیل میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں، ڈاکٹرز نے سابق صدر کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے لیکن اس کے بعد بھی انہیں جیل میں رکھا جارہا ہے‘انہوں نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے اور حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، لیکن انتقامی سرکار پیپلز پارٹی کو جھکا نہیں سکتی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں