نیب راولپنڈی نے سوسائٹیوں کے نام پر عوام سے لوٹے گئے ایک ارب 95 کروڑ برآمد کر لئے

منگل 22 اکتوبر 2019 17:00

نیب راولپنڈی نے سوسائٹیوں کے نام پر عوام سے لوٹے گئے ایک ارب 95 کروڑ برآمد کر لئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے سوسائٹیوں کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمہ میں تاریخی ریکوری کرتے ہوئے عوام سے لوٹے گئے ایک ارب 95 کروڑ برآمد کر لئے۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری کرہ اعلامیہ کے مطابق یہ رقم نیشنل ہاؤس بلڈنگ روڈز ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کے دوران برآمد کی گئی، ملزم میاں وسیم عرف لکی علی نے گذشتہ کئی سالوں کے دوران اپنی غیر قانونی سوسائٹی میں سرمایہ کاری کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تشہیری مہم چلائی اور بڑے پیمانے پر عوام کودھوکہ دہی سے لوٹا، اب تک اس مقدمہ میں نیب کو تقریباً 9 ہزار کلیمز جمع کرائے جا چکے ہیں۔

مذکورہ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنا جرم تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے تفتیشی آفیسر سیماب قیصر کے سامنے ایک ارب 95 کروڑ پلی بارگین کے ذریعے واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نیب چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں معاشرہ کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ مادر وطن کو کرپشن فری پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے تاہم غیر منظور شدہ سکیموں یا زیادہ منافع کے لالچ میں سرمایہ کاری کا خاتمہ ہونا چاہئے اور اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صرف حکومت سے منظور شدہ سکیموں، بینکنگ نظام اور سرمایہ کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں۔ ڈائریکٹر جنرل نیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی بیورو بدعنوانی میں ملوث ہائوسنگ سوسائٹیوں کے بااثر افراد کو پکڑنے کیلئے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں