پاکستان تحریک انصاف حقیقت میں عام لوگوں کی جماعت ہے، عوامی فلاح و بہبود اور قومی مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے،عندلیب عباس

بدھ 23 اکتوبر 2019 13:22

پاکستان تحریک انصاف حقیقت میں عام لوگوں کی جماعت ہے، عوامی فلاح و بہبود اور قومی مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے،عندلیب عباس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پارلیمانی سکریٹری برائے امور خارجہ عندلیب عباس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقت میں عام لوگوں کی جماعت ہے اور عوام کی فلاح و بہبود اور قومی مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے۔ بدھ کوایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے عام انتخابات 2018 میں دوسری جماعتوں کو مسترد کر کے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا قوم موجودہ حالات میں پر عزم ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے خلوص کو جانتی ہے ۔

دارالحکومت کو لاک ڈاؤن کرنے کے مولانا فضل الرحمن کے منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں سیاسی پختگی ظاہر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ احتجاج اور دھرنے اہم مسائل کو حل کرنے کا حل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا جانتے ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن سے اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ عام انتخابات 2018 میں لوگوں نے ان کی سیاست کو مسترد کردیا تھا لیکن وہ محض احتساب کا عمل بند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا دنیا اب دیرینہ مسئلہ کشمیر کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر حل کرنے اور اس کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔عندلیب عباس نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے کہ بین الاقوامی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم وقت پر تمام سیاسی جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور حکومت کے ساتھ متحد ہوکر معاملات حل کرنے کے لئے پارلیمنٹ کے دائرے کو استعمال کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں