مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کی حکومتی رہنما سے ملاقات کا انکشاف

یہ ملاقات اسلام آباد میں سیکٹر ایف 10 میں ہوئی جو دو گھنٹے جاری رہی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 اکتوبر 2019 12:37

مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کی حکومتی رہنما سے ملاقات کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے دو قریبی ساتھیوں کی حکومتی رہنما سے ملاقات کا انکشاف ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی رانا عظیم نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں مولانا فضل الرحمان کے دو قریبی ساتھیوں کی حکومتی رہنماؤں اور ایک اور شخصیت سے ملاقات ہوئی۔

یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا غفور حیدری نے پہلے جس حکومتی رہنما کے کہنے پر ملاقات کرنے کی حامی بھر لی تھی اُنہی کے کہنے پر دوبارہ یہ ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کو انتہائی خفیہ رکھا گیا اور یہاں تک کہا گیا کہ اس ملاقات کا تذکرہ کسی سے بھی نہ کیا جائے تاکہ ہمارے اتحادی ہم سے نالاں نہ ہوں۔

(جاری ہے)

رانا عظیم نے بتایا کہ ملاقات میں کہا گیا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔

ہمیں کوئی سیف سائیڈ دی جائے اور ہمارے ساتھ وہ کچھ نہ کیا جائے جس کا ہم سُن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کو انتہائی خفیہ رکھا جانا تھا ، نہ تو اس میں میڈیا کو مدعو کیا گیا تھا اور نہ ہی اس میٹنگ کی کسی قسم کی بھی کوئی بریفنگ ہونا تھی۔ لیکن ہمارے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ملاقات ہوئی ہے لیکن اگر مولانا صاحب اس کی تردید کر دیں تو یہ اُن کا اپنا نقطہ نظر ہو گا۔ آنے والے چند دنوں میں یہ بات سامنے آجائے گی۔ پرویز خٹک بھی اپنی پریس بریفنگ میں واضح کہہ چکے ہیں کہ میرے کچھ رہنماؤں سے رابطے ہو چکے ہیں ۔ رانا عظیم نے مزید کہا کہ یہ اطلاع مصدقہ ہے کہ ملاقات تو ہو چکی ہے۔ ملاقات میں یہ بھی کہا گیا کہ ہمیں ہمارے اتحادیوں کی جانب سے پریشرائز کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں