نیب نے نواز شریف کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات کی تردید کردی

نواز شریف اپنے ذاتی معالج کے علاوہ کسی ڈیوٹی ڈاکٹر سے چیک اپ کروانے سے گریزاں رہے۔ نیب لاہور کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 اکتوبر 2019 17:29

نیب نے نواز شریف کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات کی تردید کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : نیب نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے نواز شریف کو بروقت طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو پہلے دن سے ہی طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ نواز شریف اپنے ذاتی معالج کے علاوہ کسی ڈیوٹی ڈاکٹر سے چیک اپ کروانے سے گریزاں رہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میڈیکل ٹیسٹ کے لیے نواز شریف کے خون کے نمونے حاصل کرنے کے لیے شریف میڈیکل کمپلیکس سے خصوصی طور پر اسٹاف منگوایا گیا۔ نیب لاہورکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخصوص عناصر کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے پُر زور اصرار پر نواز شریف اسپتال جانے پر راضی ہوئے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے علاج کے لیے ایک باقاعدہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدیت کی اور اس حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پاکستان میں جہاں چاہیں، وہاں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا علاج ان کی اور ان کے اہل خانہ کی مرضی سے ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو نواز شریف کی فیملی سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں