ترکی کی پانچویں ’’ڈیفنس پورٹ ترکی نمائش‘‘ پاکستان میں ہوگی

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:48

ترکی کی پانچویں ’’ڈیفنس پورٹ ترکی نمائش‘‘ پاکستان میں ہوگی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) پانچویں ڈیفنس پورٹ ترکی نمائش کا انعقاد مشترکہ طور پر ڈیفنس پروموشن ایکسپورٹ آرگنائزیشن(DEPO)، وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان اور پریزیڈنسی آف ڈیفنس انڈسٹریز ترکی 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2019ئ؁ تک پاک چین فرینڈ شپ سینٹر، اسلام آباد میں کریں گے۔اس نمائش کا انعقاد ترکی ہر سال 2014ئ؁ سے کررہا ہے جو ملکی اور عالمی سطح پر کی جاتی ہے جبکہ پہلی بار اس سال پاکستان کو اس نمائش کی میزبانی سونپی گئی ہے۔

اس نمائش میں ترکی کی دفاعی پیداواری مصنوعات، ٹیکنالوجی اور خدمات کو اجاگر کیا جائے گا اور شرکاء ملکوں کے درمیان مستقبل کے تعاون کے نئے راستے استوار کئے جائیں گے۔ نمائش کو دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی مصنوعات کی تیاری، تجارت اور تعاون کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دفاعی صنعت کے اہم مینوفیکچررز، کمپنیاں اور سرکاری اور نجی اداروں کی کمپنیاں اپنی مصنوعات اجاگر کریں گی جن میں ان ملکوں کی جدید زمینی، بحری، فضائی دفاعی ٹیکنالوجیز اور سیکورٹی سسٹمز بھی شامل ہیں۔

اعلیٰ سطح کے عسکری مندوبین بھی نمائش میں شرکت کریں گے جو کمپنیوں کے مابین اور حکومت و کمپنیوں کے درمیان رابطے مستحکم کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی، دفاعی صنعت و پیداوار اور افرادی قوت کی تیاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دفاعی صنعت میں ترکی کی ٹیکنالوجی اور پاکستان میں وسیع صنعتی مواقع کے موجودگی کے باعث یہ نمائش دونوں ملکوں کی دفاعی صنعت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔، کیپیٹل ایگزیبیشن ، ترکی اور بدر ایکسپو سلوشنز نمائش کا انتظام کریں گے۔عوام کے لئے نمائش 26اکتوبر کو صبح 10بجے سے شام 4بجے تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں