حکومتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں ،معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے،

میڈیا معیشت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے، اپوزیشن کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا مکمل حق ہے تاہم یہ حق ملکی قوانین، آئین اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں استعمال کیا جانا چاہئے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے جبر و تسلط کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا وزیراعظم عمران خان کی سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، میڈیا معیشت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے، اپوزیشن کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا مکمل حق ہے تاہم یہ حق ملکی قوانین، آئین اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں استعمال کیا جانا چاہئے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے جبر و تسلط کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلہ میں حکومتی کوششوں، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے اقدامات اور ان کے ثمرات اور سیاسی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

وزیرِاعظم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلہ میں حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے جبر و تسلط کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیر آج عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے اور غیر ملکی میڈیا کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت حکومت کی جانب سے 9 لاکھ فوج کی تعیناتی کا مقصد ظلم و تشدد سے کشمیریوں کی آواز کو دبانا ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد حکومت نے مؤثر طریقہ سے جھوٹے بھارتی دعوؤں اور چالوں کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔

ملکی معیشت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جن معاشی مشکلات کا سامنا تھا میڈیا اس کا گواہ ہے، معیشت کے استحکام کے حوالہ سے حکومتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حالیہ اقتصادی اعشاریے معیشت کی بہتری کے مظہر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود حکومت اقتصادی اعشاریوں میں بہتری لائی ہے، میڈیا معیشت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں حکومتی کو ششوں کا ساتھ دے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اسی لئے حکومت نے اپوزیشن سے بات چیت کیلئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا مکمل حق ہے تاہم یہ حق ملکی قوانین، آئین اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں استعمال کیا جانا چاہئے۔

سابق وزیرِ اعظم کی صحت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سابق وزیرِاعظم کو ملک میں موجود بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ملک ہے اور ہم سب نے مل کر اس کی بہتری کا سوچنا ہے۔ انہوں نے کہا میڈیا بھی ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام لانے اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے میڈیا کا تعاون درکار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں