نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

نواز شریف متعدد بیماریوں کی وجہ سے تکلیف میں ہیں،بیرون ملک یا پاکستان علاج کی اجازت دی جائے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا معطل کی جائے۔درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 24 اکتوبر 2019 10:28

نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2019ء) شریف خاندان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے شہباز شریف نے درخواست دائر کی۔درخواست میں شہباز شریف نے استدعا کی ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک یا پاکستان علاج کی اجازت دی جائے۔

یہ بھی کہا گیا کہ نواز شریف متعدد بیماریوں کی وجہ سے تکلیف میں ہیں،انہیں ان کی مرضی کے علاج کی اجازت دی جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا معطل کی جائے۔اپیل پر فیصلہ آنے تک نواز شریف کو رہا کیا جائے۔درخواست میں سپریڈنٹ جیل لاہور اور میڈیکل افسر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ شب مریم نواز نے سروسز اسپتال میں اپنے بیمار والد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کی ۔

مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل حکام ہسپتال لے کر آئے ۔ مریم نواز کو ڈاکٹروں کی طرف سے نواز شریف کوطبی امداد فراہم کرنے اور ان کی صحت کی حالت کے بارے میں بریف کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ بعد میں مریم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسی ہسپتال میں داخل کر لیا گیا جہاں مریم نواز کے میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے ۔قبل ازیں ، نواز شریف کے بھائی شہباز شریف ، والدہ بیگم شمیم اختر اور خاندان کے دیگر افراد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ہسپتال میں ملاقات اور عیادت کی۔

جب کہ حکومت کا موقف ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو علاج کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان میں ان کی چوائس کے مطابق علاج فراہم کرنے کیلئے تیار ہے لیکن نواز شریف علاج کیلئے بیرون ممالک جانا چاہتے ہیں جس کی انہیں اجازت دیناعدالت کا کام ہے کہ موجودہ حکومت کا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نرم دل کے مالک ہیں اور انہوں نے نواز شریف کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں