مریم نواز بیمار ہوئیں توانہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی: وفاقی وزیرِ داخلہ

مجھے تو نہیں پتا کہ مریم نواز بیمار ہیں، اللہ انہیں صحت دے وہ ٹھیک ہیں، اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت دیں گے: بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 12 نومبر 2019 23:08

مریم نواز بیمار ہوئیں توانہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی: وفاقی وزیرِ داخلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر ۔2019ء) وزیرِ داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ مریم نواز بیمار ہوئیں توانہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تو نہیں پتا کہ مریم نواز بیمار ہیں، اللہ انہیں صحت دے وہ ٹھیک ہیں، اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے انسانی بنیاد وں پر اجازت دی ہے کہ نواز شریف بیرون ملک سے علاج کروالیں، اگر آصف زرداری کے لئے بھی ڈاکٹرز بھی طبی بنیادوں پر سفارش کریں تو ان کو بھی یہی سہولت ملی سکتی ہے۔

عمران خان اس قسم کے آدمی نہیں کہ کسی کو ڈیل یا ڈھیل دیں، نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویش ناک ہے، پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں، سارے وزرا کی یہی رائے ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ عمران خان کوجب نوازشریف کی بیماری کاپتہ چلا تو ان کی جانب سے اسی وقت ہی کہہ دیا گیا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر کوئی سیاست نہ کی جائے اور پنجاب حکومت سے کہہ دیا تھاکہ نواز شریف کو صحت کی تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر داخلہ بتا رہاہوں کہ اس وقت نہ کوئی ڈیل ہے اورنہ کوئی این آر او بلکہ وزیراعظم نے انسانی بنیاد وں پر اجازت دی ہے کہ نواز شریف بیرون ملک سے علاج کروالیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جلد جانے والے نہیں، ہم نے انہیں پانی بجلی اور طبی امداد بھی دی ہے، ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتنا اچھا سلوک کررہے ہیں کہ یہاں ان کا دل لگ گیا ہے، انہیں اتنا پیار دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے۔ ہم مولانا فضل الرحمان کو بٹھائے رکھیں گے۔ حکومت یہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں