نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ہونے والا ذیلی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا

ذیلی کمیٹی نے نواز شریف کا نام نکالنے یا نہ نکالنے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا، صبح 10بجے سنایا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 12 نومبر 2019 23:17

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ہونے والا ذیلی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر2019ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ہونے والا ذیلی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا ہے اور ذیلی کمیٹی نے نواز شریف کا نام نکالنے یا نہ نکالنے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ صبح 10بجے سنایا جائے گا۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت میں ہوا، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اور میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ایاز اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ن لیگ کے نمائندے عطاء تارڑ نے نوازشریف کی طرف سے ضمانتی بانڈ دینے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ آج صبح 9 بجے بھی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں یہ تجویز آئی تھی کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سیکیورٹی بانڈ مانگا جائے البتہ اس کی مالیت سامنے نہیں آئی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کمیٹی کا اجلاس رات 9 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔

اسی دوران وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مذکورہ تجویز وزیراعظم اور کابینہ اراکین کے سامنے رکھی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے دینے کا فیصلہ کررہے ہیں، میں نے مکمل چھان بین کرائی ہے نوازشریف واقعی ہی بیمار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کو ان کی مرضی کا علاج کرانے دینا چاہیے تاہم یہ بات یقینی بنائیں کہ نوازشریف علاج کے بعد واپس آئیں۔ معاو ن خصوصی شہزاد اکبر نے بتایا ہے کہ ذیلی کمیٹی نے شریف خاندان کے نمائندوں سے واپسی کی تاریخ مانگی تھی لیکن شریف خاندان نے وہ فراہم نہیں کی۔ اب دوبارہ اجلاس کے دوران فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں