مولانا فضل الرحمان اپنے کارکنوں کو ریلیف فراہم کریں، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

بدھ 13 نومبر 2019 14:04

مولانا فضل الرحمان اپنے کارکنوں کو ریلیف فراہم کریں، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو قومی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات نہیں دینا چاہئیں۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے اپیل کی کہ وہ اپنے چاہنے والوں اور کارکنوں کو ریلیف فراہم کریں،کوئی لیڈر اتنا سنگدل نہیں ہوسکتا ہے جو سردی کے موسم میں دارالحکومت میں دھرنا دے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنی ضمانت کے لیے مناسب قانونی طریقہ اختیار کرنا ہوگا ۔مسلم لیگ (ن)کے گارنٹی بانڈ جمع نہ کروانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو صحت اور انسانی بنیادوں پر ضمانت دی گئی ہے وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کو ہدایت کی کہ وہ نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے بیانات دینے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا صحت بڑی دولت ہے اگرمسلم لیگ (ن) کی قیادت نواز شریف کا حقیقی طور پر علاج کروانا چاہتی ہے تو انہیں گارنٹی بانڈز فراہم کرنے سے انکار ی نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس تاخیری حربے سے ان کی حالت مزید خراب ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو محفوظ راستہ کے لئے دوبارہ عدالتوں سے رجوع کرنا پڑے گا لیکن اس تاخیر سے بیمار سابق وزیر اعظم کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں