آزادی مارچ کے کارکنوں کو پنڈال میں پہنچنے کا حکم

تمام کارکنان تمام کام چھوڑ کر پنڈال میں پہنچیں،مولانا فضل الرحمان اہم اعلان کریں گے۔ اسٹیج سے اعلان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 13 نومبر 2019 16:10

آزادی مارچ کے کارکنوں کو پنڈال میں پہنچنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2019ء) : جمعیت علمائے اسلام ف کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ کا آج 14واں روز ہے اور شرکاء اسلام آباد کے ایچ 9 گراؤنڈ میں موجود ہیں۔جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم عمران خان سے فوری مستفعیٰ ہونے اور نئے انتخابات سمیت دیگر مطالبات کیے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے تمام کارکنوں سے فوری طور پر آزادی مارچ کے پنڈال میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن بہت اہم اعلان کریں گے۔کارکنان تمام کام چھوڑ کر پنڈال میں پہنچ جائیں۔جب کہ مولانا فضل الرحمن کا آزادی مارچ آج ختم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود ہے تاہم جے یو آئی( ف) نے اب آزادی مارچ احتجاج کے پلان بی پر بلوچستان میں عملدرآمد شروع کر تے ہوئے کارکنوں کو کوئٹہ چمن شاہراہ بندکرنے کا احکامات جاری کیئے ہیں .جس پر کارکنوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دی ہے‘جمعیت علمائے اسلام( ف) کے کارکنوں کی جانب سے آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت دیے جانے والے دھرنے میں پشتون خوا میپ کے کارکن بھی شریک ہیں. کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش کے باعث پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی بھی معطل ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں مسافر گاڑیاں پھنسنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے. لیویز فورس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور شاہراہ کھولنے کیلئے مظاہرین سے مذاکرات کر رہی ہے‘صوبائی امیر جے یو آئی (ف) مولانا عبدالواسع کے مطابق احتجاج کے پلان بی پر بلوچستان میں عملدرآمد شروع کر دیا ہے انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پلان بی کے تحت جمعیت علمائے اسلام (ف )کے کارکنوں کی جانب سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا جاری ہے. جے یو آئی( ف) کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئٹہ چمن شاہراہ سید حمید کراس پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے‘دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جے یو آئی( ف) کا آزادی مارچ دھرنا جاری ہے. سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ آزادی مارچ کے شرکاءنے آج بھی دن کا آغاز مختلف کھیلوں سے کیا ہے. دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا کا پلان بی سیاسی بدحواسی پلان ہے، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کیا کریں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں