نواز شریف کوعلاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے میں تاخیر حکومت نہیں مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے،

نواز شریف ضمانت دیکر جائیں کہ وہ ٹھیک ہو کر واپس آجائیں گے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 نومبر 2019 16:28

نواز شریف کوعلاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے میں تاخیر حکومت نہیں مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کوعلاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے میں تاخیر حکومت نہیں مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے، نواز شریف ضمانت دیکر جائیں کہ وہ ٹھیک ہو کر واپس آجائیں گے۔ علاج کے بعد وطن آکر پیسے واپس لے لیں۔بدھ کو یہاں مصنوعی ذہانت سمٹ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے میں حکومت تاخیر نہیں کر رہی،ایسا دکھائی دیتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اس معاملے کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بغیر کسی ضمانت کے بیرون ملک جانے دیا تو کل آصف زرداری اور خورشید شاہ بھی باہر جانے کا بولیں گے۔

(جاری ہے)

اسحٰق ڈار ، حسن اور حسین نواز بھی وطن واپس نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دے تو یہ حکومت کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنے کا فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف،مریم نواز اور خواجہ آصف نواز شریف کا مقام حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ضمانت کے بعد تین ہزار قیدیوں نے ضمانت کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے پلان بی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ فضل الرحمان کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، مولانافضل الرحمان جہاں جہاں جانا چاہتے ہیں ،جائیں ہم انہیں دیکھنے کے لئے بیٹھے ہیں۔

قبل ازیں سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کونسل فار سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ(پی سی ایس آئی آر) کا قیام 1952میں عمل میں لایا گیا جو اب ملک کا نمایاں اداری ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے فائبر آپٹک کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ اور انڈسٹری کے درمیان تعاون کی کمی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم رکاوٹ ہے۔وفاقی وزیر نے اگلے بجٹ میں ٹیکنالوجی سیکٹر کیلئے بجٹ میں پچاس فیصد اضافے کا بھی اعلان کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں