وزیر مملکت سیفران شہریار خان آفریدی سے چین کے صوبہ جیانگ شی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

بدھ 13 نومبر 2019 17:52

وزیر مملکت سیفران شہریار خان آفریدی سے چین کے صوبہ جیانگ شی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وزیر مملکت سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے چین کے صوبہ جیانگ شی کے نائب چیئرمین پیپلز پولیٹیکل کانفرنس جن چنگ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی وژن کے مطابق سی پیک کو دنیا کا پہلا ڈرگ فری تجارتی راہداری بنانا چاہتے ہیں۔

جیانگ شی صوبہ اور خیبرپختونخوا صوبہ کے درمیان انڈسٹریل تعاون سے پاکستان۔چین دوستی کو نئی راہ ملے گی۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور چین دنیا کی تاریخ میں بے مثال باہمی تعاون اور دوستی کا نیا باب لکھ رہے ہیں۔ پاک۔چین دوستی عالمی تبدیلیوں سے بالاتر ہو کر مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے، دونوں قوموں کے درمیان دوستی کا یہ آہنی بندھن ہر مشکل سے کامیابی سے گزرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان منشیات کے خلاف دنیا کی جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان منشیات کے خلاف پہلی دفاعی سرحد ہے، دنیا کو منشیات کے خلاف جنگ میں اے این ایف کا ساتھ دینا ہو گا۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ دنیا کی 85 فیصد منشیات افغانستان میں بنتی ہیں، پاکستان منشیات کے عفریت کے خلاف دنیا کی جنگ لڑ رہا ہے، دنیا کو اے این ایف کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔

پاکستان اور چین مل کر نوجوان نسلوں کو منشیات کے عفریت سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اس موقع پر چین کے صوبہ جیانگ شی کے نائب چیئرمین جن چنگ نے کہا کہ چین دہشت گردی اور منشیات کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ افغان مہاجرین کیلئے پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کا دل سے اعتراف کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ چین نے دونوں ممالک کے مابین دوستی کے رشتوں اور باہمی تعلقات کو نئی قوت فراہم کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں