بیمار شخص کی صحت پر سیاست کرنے کے قائل نہیں، شہباز شریف انا کے خول سے نکل کر بھائی کی صحت پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں،

انسانی جان زیادہ قیمتی ہے، سیاست پھر بھی ہوتی رہے گی، قانون کے مطابق محمد نواز شریف کی واپسی کی ضمانت مانگی گئی ہے، مولانا فضل الرحمن کا پلان بی بھی پلان اے کی طرح ناکام ثابت ہو گا، وہ صرف 13کے سکور پر بولڈ ہو گئے، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو

جمعرات 14 نومبر 2019 14:15

بیمار شخص کی صحت پر سیاست کرنے کے قائل نہیں، شہباز شریف انا کے خول سے نکل کر بھائی کی صحت پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق محمد نواز شریف کی واپسی کی ضمانت مانگی گئی ہے، ہم ایک بیمار شخص کی صحت پر سیاست کرنے کے قائل نہیں، شہباز شریف انا کے خول سے نکل کر بھائی کی صحت پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں، سیاست پھر بھی ہوتی رہے گے تاہم انسانی جان زیادہ قیمتی ہے، مولانا فضل الرحمن کا پلان بی بھی پلان اے کی طرح ناکام و نامراد ثابت ہو گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ روز سے نواز شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے روانگی سے متعلق سیاسی بیانات آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا تاثر دیا گیا کہ شورٹی بانڈز کا مقصد کوئی سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا جو غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے سے سب کو منع کیا ۔

نواز شریف کو صرف انسانی بنیاد پر علاج معالجے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف اور نواز شریف کے کیسز میں بنیادی فرق ہے۔ جنرل پرویز مشرف کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں تھے نا ہی ان کا نام ای سی ایل میں تھا ۔ نواز شریف عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اور ان کا نام ای سی ایل میں تھا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ بانڈز ایک قانونی تقاضا ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

بانڈز میں کیش رقم کا تقاضا نہیں کیا گیا، قانون کے مطابق واپسی کی گارنٹی مانگی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بیمار شخص کی صحت پر سیاست کرنے کے قائل نہیں۔ مسلم لیگ ( ن) کے قائدین سے اپیل کرتی ہوں کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔ شہباز شریف انا کے خول سے باہر نکل کر بھائی کی صحت پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ہوتی رہے گی تا ہم انسانی جان زیادہ قیمتی ہے۔

مولانا کیلئے دعاگو ہیں کہ اللہ انہیں ملک کی سلامتی و ترقی سے متعلق بہتر فیصلے کرنے کی توفیق عطا کرے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا کا پلان بی بھی پلان اے کی طرح ناکام و نا مراد ثابت ہو گا۔ عوام سیاسی فنکاروں کی فنکاریوں سے آگا ہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے تباہ حال معیشت کو مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملکی ترقی کے سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان صرف 13کے سکور پر ہی بولڈ ہو گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں