شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد دوبارہ جیل بھیج دیا گیا

سابق وزیراعظم کو ہرنیا کے کامیاب آپریشن کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 نومبر 2019 19:08

شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد دوبارہ جیل بھیج دیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13نومبر2019ء) شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد دوبارہ جیل بھیج دیا گیا، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کو ہرنیا کے کامیاب آپریشن کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 4نومبر کوسابق وزیراعظم کا ہرنیا کا آپریشن ہونا تھا لیکن بلڈ پریشر بڑھنے کی وجہ سے آپریشن نہ کیا جا سکاتھا جبکہ ڈاکٹرز نے انہیں آپریشن کیلئے اگلی تاریخ دے دی تھی۔

بتایا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے طے شدہ آپریشن ملتوی کر دیا گیا ہے، 4 نومبر کی شام سابق وزیر اعظم کے ہرنیا کی سرجری ہونی تھی، تاہم ان کا بی پی بڑھ گیا، جس پر ڈاکٹرز نے آپریشن ملتوی کر دیا۔نجی اسپتال کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے اڈیالہ جیل حکام کے نام مراسلہ ارسال کر کے انھیں آپریشن کے ملتوی ہونے سے آگاہ کردیا تھا جس کے بعد انہیں اگلی تاریخ دی گئی، 7نومبر کو سابق وزیراعظم کا آپریشن ہوا اور اب انہیں جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی تشخیص ہوئی تھی اور اب ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے‘محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کو شاہد خاقان کی ہسپتال منتقلی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا. خیال رہے کہ 28 اکتوبر کو شاہد خاقان عباسی نے اپنی مرضی سے علاج کروانے کی درخواست دائر کی تھی اور موقف اپنایا کہ انہیں بھی اپنے خرچ پر نجی ہسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے اس دوران شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ علاج کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے یہ نہ ہو کہ ان کا حال نواز شریف جیسا ہو جائے. واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پروڈکشن آرڈر کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور انہوں نے درخواست میں مئوقف اپنایا کہ اسپیکرقومی اسمبلی کو متعدد بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی، عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں