مولانا فضل الرحمان سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات

جمعرات 14 نومبر 2019 20:51

مولانا فضل الرحمان سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی۔ ملاقات سینیٹر طلحہ محمود کی رہائش گا ہ پر ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے مشترکہ طور پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ اور دھرنا ہم نے کیا، ہم ابھی تک احتجاج میں ہیں، ملک بھر میں کارکنان کو مسافروں، ایمبولنسوں کو راستہ دینے کا کہا ہے، معاملہ کو تشدد کی طرف نہ لے کر جایا جائے، انتظامیہ بھی احتیاط سے کام لے، احتجاج ہمارا حق ہے، خواہش ہے کہ ملک جمہوری طور پر آگے بڑھے، مسلم لیگ (ق) کے رہنما و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ثابت ہو گیا کہ اسمبلی کے اندر اور باہر وہ واحد اپوزیشن لیڈر ہیں، مولانا کی قیادت کو مان گئے ہیں، مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے عہدے کے مطابق بڑا دل رکھ کر نوازشریف کو بغیر کسی شرط کے بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنا چاہئے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آزادی مارچ کے دوران بھی چوہدری برادران ہم سے ملاقاتیں کرتے رہے، وہ آج بھی نیک نیتی ملنے آئے، ان کے جذبات کی دل سے قدر کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں پرامن مارچ اور دھرنا دیا، یہ پہلا موقع تھا کہ ملک بھر سے ہمارے کارکنان جمع ہوئے، سیاست میں نئی روایت کی بنیاد ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اجتماعات شروع ہو چکے ہیں، تمام شاہراہوں پر دھرنے جاری ہیں، کارکنان سے کہا ہے کہ مسافروں اور ایمبولنسوں کو راستہ دیا جائے۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مولانا نے واضح کر دیا کہ وہ اپوزیشن کے لیڈر ہیں، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اسمبلی کے اندر اور باہر وہ ہی اس ملک کے اپوزیشن لیڈر ہیں۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ جے یو آئی (ف) وہ جماعت ہے جس کا دھرنا پرامن رہا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے دھرنے اور مارچ کے دوران پہلا موقع تھا کہ مولوی اور پولیس ایک ساتھ تھے اور لڑائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ الله کا شکر ہے کہ مارچ اور دھرنے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، آج یہاں مولانا کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں