عمران خان کو چاہیے نوازشریف کو جانے دیں، چودھری شجاعت

اللہ نے ان کو سربراہ مملکت بنایا ہے تاکہ وہ انصاف کریں، میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوگیا تو یہ کلنک کا ٹیکہ اپنے سر نہ لیں، بلکہ نوازشریف کو جانے دیں۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 نومبر 2019 19:34

عمران خان کو چاہیے نوازشریف کو جانے دیں، چودھری شجاعت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 نومبر2019ء) مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہیے نوازشریف کو جانے دیں، اللہ نے ان کو سربراہ مملکت بنایا ہے تاکہ وہ انصاف کریں، میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوگیا تو یہ کلنک کا ٹیکہ اپنے سر نہ لیں، بلکہ نوازشریف کو جانے دیں۔

انہوں نے آج یہاں سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے کہنے پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں آئے، ہم یہاں ان کو مبارکباد دینے آئے ہیں۔ مولانا نے بڑی جماعت ہونا ثابت کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب نے جمہوریت کی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

ہم ان کے ساتھ ہیں، میں چاہتا ہوں ملک کے اندر ایک ایسا نظام لایا جائے جو عام عوام کی توقعات پر پورا اترے۔

جبکہ ملک میں ایسی قیادت ہوجو عوام کے تمام مسائل کو حل کرے اور عوام کی امیدوں پر پورا اترے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کہنا چاہتا ہوں کہ اللہ نے ان کو سربراہ مملکت بنایا ہے تو وہ انصاف کریں، انہیں چاہیے نوازشریف کو جانے دیں،اگر نوازشریف کو کچھ ہوگیا تو یہ کلنک کا ٹیکہ اپنے سر نہ لیں اور نوازشریف کو جانے دیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اتنے بڑے دھرنے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ مولانا صاحب واحد اپوزیشن لیڈر ہیں ، ان کے پیچھے ساری جماعتیں کھڑی ہیں، مولانا اسمبلی کے اندراور باہر واحد اپوزیشن لیڈر ہیں ان کے سواکوئی اپوزیشن لیڈر نہیں، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اتنا بڑا دھرنا ہوا، لیکن اس کے باوجود گولی نہیں چلی، تشد نہیں ہوا، ٹریفک بھی چلتی رہی اور نظم وضبط برقراررہا۔

دھرنے والوں نے صفائی ستھرائی کا خیال بھی رکھا۔ جبکہ پہلے جو دھرنے ہوتے تھے ان میں سب کچھ ہوتا تھا۔ اس موقع پر جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نوازشریف کی صحت کے معاملے پر بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ان کو غیرمشروط علاج کے لیے ملک سے باہر جانے دیا جائے۔ ہم آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ملک میں اجتماعات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تما مشاہراہوں پر کارکنان اور لوگ جمع ہوتے جارہے ہیں، ان کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ مسافروں ، ایمبولینسز، مریضو ں کا واضح خیال رکھنا ہے۔ایک کمیٹی قائم کی گئی کہ تاکہ وہاں لوگوں کو ریلیف دیا جاسکے۔اگر یہ استعفا دے دیتے تو آج یہ دھرنے نہ ہوتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں