شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں نے چھ بار نوازشریف کا چیک اپ کیا ،خرم دستگیر

حکومت نواز شریف کے معاملے پر لچک نہیں دکھا رہی،ہمارے پاس اب عدالت جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ، رہنما ن لیگ

جمعرات 14 نومبر 2019 22:12

شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں نے چھ بار نوازشریف کا چیک اپ کیا ،خرم دستگیر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز کو چھ بار نوازشریف کی بیماری کی تصدیق کے لیے بھیجا تھا۔ اگر عمران خان انسانی ہمدردی میں سنجیدہ تھے تو تصدیق کی کیا ضرورت تھی۔نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اظہار خیا ل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نوازشریف کے کمرے میں مشین لے کر آئے اور خون کے نمونے لے کر وہیں معائنہ کیا گیا کہ کہیں جھوٹ تو نہیں بولا جا رہا۔

(جاری ہے)

حکومت نے انسانی ہمدردی کا جو لبادہ اوڑھا تھا وہ شرائط رکھنے سے چاک ہوچکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب دو عدالتوں نے ضمانت دی اور بیرون ملک جانے پر پابندی نہیں لگائی تو کابینہ کی تیسری عدالت لگانے کا کیا مقصد ہے۔ خرم دستگیر نے کہا ہم عدالت میں زر ضمانت جمع کرا چکے ہیں تو حکومت کو کیوں دیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نواز شریف کے معاملے پر لچک نہیں دکھا رہی بلکہ مسلسل ان کے بے عزتی کر رہی ہے، ہمارے پاس اب عدالت جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں