چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کی رومانین چیف آف ڈیفینس اسٹاف

اور چیف آف رومانین نیول فورسیز سے ملاقات چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں،اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے رومانین چیف آف ڈیفینس اسٹاف اور چیف آف رومانین نیول فورسزسے الگ الگ ملاقاتیں کی اورگلاتی میں ڈامن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا

منگل 19 نومبر 2019 00:05

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2019ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے رومانین چیف آف ڈیفینس اسٹاف اور چیف آف رومانین نیول فورسزسے الگ الگ ملاقاتیں کی اورگلاتی میں ڈامن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا۔نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف رومانین نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل الیگزینڈرو مرسو نے پاک بحریہ کے سربراہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

امیر البحرکو چاق وچوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ ملا قات کے دوران علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اورکراچی میں منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق امن19- میں رومانین نیول فورسز کی شرکت پر رومانین نیول چیف کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

چیف آف رومانین نیول فورسز نے میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ معزز شخصیات نے بحری تعاون اور مختلف شعبوں میں باہمی روابط میں مزیداضافے پر اتفاق کیا۔ وائس ایڈمر ل الیگزینڈرو مرسونے چیف آف دی نیول اسٹاف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔نیول چیف نے رومانین چیف آف ڈیفینس اسٹاف، لیفٹنینٹ جنرل ڈینیئل پیٹراسکو سے وزارت دفاع، بخارسٹ میں الگ ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی و استحکام اور باہمی دلچسپی سمیت دو طرفہ فوجی تعاون جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ڈینیئل نے خطے میں امن وا ستحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے اقدامات اور تعاون کو سراہا ۔ معزز شخصیات نے مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات اور متنوع عسکری شعبوں میں باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے ڈامن شپ یارڈ ، گلاتی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے منیجنگ ڈائریکٹر اورسینئر افسران سے ملاقات کی ۔ امیر البحر کو ڈامن شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے منصوبہ جات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیاجس کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی کے زیر تعمیر پلیٹ فارمز کا معائنہ کیا۔

ایڈمرل نے ڈامن شپ یارڈ کی پاکستان نیوی کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور پیشہ وارانہ مہارت کو بھی سراہا۔توقع ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ کایہ دورہ دونوں ممالک بلخصوص مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کا باعث ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں