سابق وزیرعظم نواز شریف واپس نہیں آئیں گے

سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 نومبر 2019 10:10

سابق وزیرعظم نواز شریف واپس نہیں آئیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اب واپس نہیں آئیں گے کیونکہ پس پردہ کچھ معاملات چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا اور آج تک شور مچارہے ہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا جبکہ گزشتہ 17 ماہ کے دوران انہوں نے کسی سیاستدان سے ایک پیسہ وصول نہیں کر سکے ۔

حکومت کا ایک نمائندہ بتا دے کہ انہوں نے 17 ماہ اب تک کرپٹ سیاستدانوں سے کتنے پیسے وصول کیے ؟ بیوروکریٹس سے کتنے پیسے لے کر سرکاری خزانے میں جمع کیے ؟ جبکہ زیر حراست شخصیات پر حکومت اب تک سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک روانگی کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے اور اُس کے بعد انہیں ائیر ایمبولینس میں سوار کر کے لندن روانہ کر دیا جائے گا، سابق وزیراعظم دس بجے فلائنگ ہاسپٹل میں براستہ دوحہ لندن روانہ ہوں گے۔

اس موقع پر نواز شریف کے ہمراہ ائیرپورٹ پر مریم نواز اور اہل خانہ موجود ہیں جبکہ ائیر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔نواز شریف،شہبازشریف ، ڈاکٹر عدنان،محمد عرفان،عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیئےگئے جبکہ نواز شریف کی میڈیکل فائل قطر ایئرویز کے ڈاکٹرز کے حوالے کردی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرایمبولینس کے ڈاکٹرز نواز شریف کا بلڈپریشر،شوگر چیک کریں گے جبکہ نوازشریف کا سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا جائےگا، ضروری ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز پائلٹ کو اڑان کی اجازت دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں