ق لیگ کا نواز شریف کے لئے جذبۂ ہمدردی گرینڈ مسلم لیگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے

سینئیر صحافی و کالم نگار سہیل وڑائچ نے حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 نومبر 2019 10:52

ق لیگ کا نواز شریف کے لئے جذبۂ ہمدردی گرینڈ مسلم لیگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : موجودہ سیاسی صورتحال اور ایسے میں حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے نواز شریف کے لیے اظہار ہمدردی نے حکومت کو مزید مشکل میں ڈال دیا ہے۔ حکومت کے اتحادیوں کی جانب سے نواز شریف کے حق میں دئے جانے والے بیانات نے سیاسی مبصرین کو بھی بحث کے لیے ایک نیا موضوع فراہم کر دیا۔ اس حوالے سے کئی قیاس آرائیاں بھی کی گئیں جن میں حکومت ختم ہونے کی قیاس آرائی سب سے اوپر تھی۔

تاہم اب سینئیر تجزیہ کار اور کالم نگار سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ سہیل وڑائچ نے اپنے حالیہ کالم میں کہا کہ پہلے سیاست اور طاقت کے جن ایک ہی صفحہ پر تھے، اب یوں لگتا ہے کہ ورق الٹا جا رہا ہے، سیاست انگڑائی لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا کے دھرنے نے فی الحال وقتی طور پر سیاست اور میڈیا کے اسٹیٹس کو کو توڑ دیا ہے۔

گزشتہ 15ماہ سے سیاسی شطرنج کے مہرے ایک ہی خانے میں جمے بیٹھے تھے، اب وہ متحرک ہو گئے ہیں، شطرنج کے بادشاہ کو نواز شریف کے باہر جانے کے ایشو پر پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔ شاہ مات کا وقت تو اگلے سال مارچ، اپریل میں آنا تھا مگر پیادوں نے ایسی کھلبلی مچائی ہے کہ سیاسی اتار چڑھائو صاف نظر آنے لگا ہے۔ سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں کہا کہ ق لیگ اور نون لیگ ابتدائے آفرینش سے ایک دوسرے کا توڑ کر رہی ہیں مگر ق لیگ کا نواز شریف کے لئے جذبۂ ہمدردی گرینڈ مسلم لیگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندازے یہی تھے کہ دھرنے سے کچھ ہو نہ ہو، پنجاب میں تبدیلی کے لئے دباؤ بڑھے گا اور توقع ہے کہ اگلے دو ماہ میں یہ دباؤ کوئی نہ کوئی نتیجہ نکالنے میں کامیاب ہوگا۔
                                 

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں