وزیراعظم عمران خان کا پروفیسر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کی رہائی کا خیرمقدم

توقع ہے اس اقدام سے امن عمل دوبارہ شروع کرنے کے لئے تمام متعلقہ فریقین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، وزیر اعظم کا ٹویٹ

منگل 19 نومبر 2019 17:21

وزیراعظم عمران خان کا پروفیسر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کی رہائی کا خیرمقدم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں پروفیسر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان پروفیسر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کی رہائی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی رہائی کو ممکن بنانے والے تمام کرداروں کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا حصہ ہوتے ہوئے پاکستان افغان عوام کی مشکلات کو ختم کرنے اور قیام امن کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پروفیسرز کی رہائی کے لئے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان تنازعہ کے بات چیت کے ذریعے سیاسی حل کے لئے اقدامات کی حمایت پاکستان کی پالیسی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ اس اقدام سے امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے تمام متعلقہ فریقین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کے لئے سہولت فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔واضح رہے کہ دونوں کو افغان دارالحکومت کابل میں 7 اگست 2016 ء کو اغوا کیا گیا ۔امریکی پروفیسر 50 سالہ ٹموتھی ویکس اور 63 سالہ کیون کنگ کو افغانستان کے جنوبی صوبہ زابل میں رہا کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں