امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کےمطابق واپس آجائیں گے، عمران خان

ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، انڈیمنٹی بانڈ کی شرط نوازشریف کی واپسی یقینی بنانے کیلئے تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ اجلاس میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 نومبر 2019 21:43

امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کےمطابق واپس آجائیں گے، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کے مطابق واپس آجائیں گے، ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، انڈیمنٹی بانڈ کی شرط نوازشریف کی واپسی یقینی بنانے کیلئے تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں نوازشریف سے متعلق عدالتی حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انڈیمنٹی بانڈ کی شرط نوازشریف کی واپسی یقینی بنانے کیلئے تھی۔ امید ہے وہ عدالتی فیصلے کو مانیں گے اور صحت یاب ہوکر واپس آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں 13 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر بھی کھل کرتنقید کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے آزادی مارچ کو عوام نے مسترد کردیا، اپوزیشن اب 4 سال مزید انتظار کرے۔ اپوزیشن کو عوامی حمایت حاصل نہیں، آزادی مارچ کو عوامی حمایت حاصل ہوتی تو 13 دن میں واپس نہ جاتے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو عوامی رابطوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت آئی سی یو سے نکل کردرست سمت کی طرف چل پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو توانائی منصوبوں اور توانائی پالیسی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متبادل توانائی پالیسی لانے پر توانائی ٹیم کی تعریف کی۔ پہلے توانائی کے نام پر لوٹ مار کی جارہی تھی۔ پرانی توانائی پالیسی کے تحت 17روپے فی یونٹ بجلی تیار کی جارہی تھی۔ اب نئے معاہدے میں 6 روپے 35 پیسے کیے گئے ہیں۔

قدرتی ذرائع ، سولر، ونڈ اور ہائیڈل توانائی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو خود مانیٹر اور کنٹرول کروں گا۔ ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ اشیاء سستی ہوں اور کسانوں کو بھی فائدہ ہو۔ مصنوعی مہنگائی کی جڑ تک پہنچ گئے ہیں،سدباب کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ واضح رہے ملک میں مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ حکومتی معاشی ٹیم تاحال مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنے میں ناکام ہے۔ سبزیوں اور اشیائے ضروریہ عوام کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایسے میں وزیراعظم عمران خان مہنگائی کنٹرول کرنے کا بیان حوصلہ افزا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں