نواز شریف اپنی سیاست بیچ کر ملک سے باہر گئے ہیں: فیصل واوڈا

اس سے قبل بھی نواز شریف ملک سے فرار ہوئے تھے اور آج وہ اپنی پریشانیاں دکھا کر اور زندگی کی بھیک مانگ کر پاکستان سے باہر چلے گئے: وفاقی وزیر آبی وسائل

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 نومبر 2019 22:52

نواز شریف اپنی سیاست بیچ کر ملک سے باہر گئے ہیں: فیصل واوڈا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر2019ء) : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی سیاست بیچ کر ملک سے باہر گئے ہیں۔ فیصل واوڈا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی نواز شریف ملک سے فرار ہوئے تھے اور آج وہ اپنی پریشانیاں دکھا کر اور زندگی کی بھیک مانگ کر پاکستان سے باہر چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالت میں گئے اور عدالت نے انہیں ضمانت دے دی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک سے باہرجانے سے عام پاکستانی بہت فرسٹریشن کا شکار ہے، قوم سوچتی ہے کہ آج بھی دو پاکستان ہیں، ایک عام پاکستانی کا اور دوسرا خاص پاکستانی کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا عدالت نے اگر نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر ضمانت دے دی تھی تو پہلے بات تو یہاں سے شروع ہوئی کہ وہ عدالت گئے اور عدالت نے ان کو ضمانت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اس حوالے سے بہت واضح مؤقف ہے کہ احتساب پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے اور نہ کبھی ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ رات فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ نوازشر یف کے جانے کا ایک فیس ٹو بھی ہے، مریم نواز کے لیے بھی ماحول بنایا جائے گا جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ نوازشریف اور پھر مریم نواز امریکا جائیں گی لیکن ہم انہیں جانے نہیں دیں گے، ایک سزا یافتہ مجرم کو ملک سے باہر جانے دیا گیا اور میڈیا نے بھی22کروڑ عوام کو نواز شریف کے معاملے میں مصروف رکھا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبی انویسٹی گیشن شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات نواز شریف آرام سے سوئے، آج کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں