پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دس سے بارہ ہفتوں میں نہیں رہے گی

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 نومبر 2019 10:56

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دس سے بارہ ہفتوں میں نہیں رہے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئندہ دس سے بارہ ہفتوں کے بعد نہیں رہے گی ۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یہ کہتا ہوں کہ آپ کی حکومت نہیں رہے گی۔ انہوں نے پروگرام میں موجود وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تو اور تیرے رفیقوں کا ادا بتا رہا ہے کہ تُو جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ق لیگ کی ادا دیکھیں، جی ڈی اے کی ادا دیکھیں اور ایم کیو ایم کی ادا دیکھیں۔اس کا کیا مطلب ہے۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ جب سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کا دھرنا اور آزادی مارچ ختم ہوا تب سے ہی یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ ہو نہ ہو مولانا فضل الرحمان کو ضرور کوئی نہ کوئی گارنٹی ملی ہے یا انہیں کوئی نہ کوئی یقین دہانی ضرور کروائی گئی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے دھرنے اور آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے،ا س حوالے سے کئی سیاسی مبصرین اور تجزیہ کاروں نے بھی قیاس آرائیاں کیں لیکن مولانا کو کیا یقین دہانی کروائی گئی یا انہیں کیا گارنٹی دی گئی اس حوالے سے نہ تو مولانا فضل الرحمان نے اب تک لب کُشائی کی اور نہ ہی ان کے ساتھیوں کو اس حوالے سے کچھ معلوم ہے۔

(جاری ہے)

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما بڑے وثوق سے حکومت کے جانے اور حکومت کو گرانے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن تاحال یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ آکر کار ان کے ان دعووں کے پیچھے کون ہے اور آخر یہ کس اعتماد سے یہ سب باتیں کر رہے ہیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے بھی کئی مرتبہ حکومت کے جانے کی بات کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں