چیف الیکشن کمشنرریٹائرمنٹ سے قبل فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کریں، احسن اقبال

سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جا چکا ہے، بتایا جائے، امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کس نے فنڈنگ کی؟ مواخذے سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ادھورا چھوڑا گیا، پی ٹی آئی 6 دسمبر کو چیف الیکشن کمیشن کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہی تھی، اگر کوئی فکر نہیں تو منی ٹریل پیش کریں۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 نومبر 2019 16:54

چیف الیکشن کمشنرریٹائرمنٹ سے قبل فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کریں، احسن اقبال
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بتایا جائے، امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کس نے فنڈنگ کی؟مواخذے سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ادھورا چھوڑاگیا،پی ٹی آئی 6دسمبر کو چیف الیکشن کمیشن کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہی تھی، قوم رسیدیں مانگ رہی ہے،آپ نے یہ 23بے نا می اکاؤنٹس کیوں چھپائے؟انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کو اجاگرکرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سیاست اور جمہوریت میں یقینی بنایا جائے کہ تمام جماعتیں ملکی مفاد میں کام کریں اور کسی غیرملکی لابی کے ہاتھوں ہائی جیک نہ ہوجائیں یا بیرونی عناصر کے ہماری جماعتوں کے اندررہ کر اپنے ایجنڈوں کو نافذ نہ کرسکیں۔

الیکشن کمیشن کے قوانین جماعتوں کو پابند کرتے ہیں کہ بیرونی فنڈنگ کو شفاف انداز میں لائیں، شفاف انداز میں رپورٹ کریں، تاکہ ہماری سیاست اور جمہوریت بیرونی عناصر سے آزاد رہے، اورقومی مفاد کام کریں۔

(جاری ہے)

مجھے افسوس ہے کہ وہ جماعت اور لیڈر جو سب کے اوپر کردارکشی کرکے اور کیچڑ اچھال کرتا ہے، خود کو مسٹرکلین کہتے ہیں، وہ جماعت جس نے کرپشن پر اپنا بیانیہ بنایا، ثابت ہوگیا یہی جماعت سب سے زیادہ کرپشن والی جماعت ہے۔

اس کا فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، پانچ سالوں سے کیس چلا رہا ہے لیکن حیلے بہانوں اورقانون ہتھکنڈوں سے التواء میں رکھا گیا۔تاکہ الیکشن کمیشن آزادانہ فیصلہ نہ کرسکے۔ حکومتی مشیر نے الزام لگایا ہم الیکشن کمیشن پر اثرانداز ہورہے ہیں ، لیکن ہم تو انکوائری اور کیس کے فیصلے کا مطالبہ کررہا ہے۔ تحریک انصاف ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے الیکشن کمیشن کو آزادانہ کام کرنے سے روکتی رہی ہے۔

اب ہمیں سمجھ آیا ہے کہ کیوں پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے دوممبران پر اتفاق رائے کرنے سے روک رہی تھی؟کیونکہ الیکشن کمیشن کو ادھورا اور نامکمل کرکے اس کے مواخذے سے بچنا چاہتی تھی، وہ چیف الیکشن کمیشن کی 6دسمبر کو ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہی تھی کہ تاکہ باقی بچنے والے تین ممبران کی موجودگی میں وہ کہہ سکے کہ اب الیکشن کمیشن اس کا مجاز نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر فارن فنڈنگ کا معاملہ شفاف ہے تو کیوں خفیہ سماعت کیلئے درخواست کی جاتی رہی؟ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ میں منی ٹریل پیش کرنا ہوگی۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کس نے فنڈنگ کی؟ قوم رسیدیں مانگ رہی ہے،آپ نے قوم سے یہ 23بے نا می اکاؤنٹس کیوں چھپائے؟وزیراعظم نے بڑی ڈسکوری کی ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے غربت بڑھ گئی ہے، ان کو اکنامکس کا نوبل انعام ملنا چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں