گلوبل فنڈ کا 300 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ

سرمایہ کاری تپ دق، ایچ آئی وی اورملیریا کے خاتمے کیلئے کی جائےگی، وزیراعظم کا خیرمقدم، حکومت معیاری اورسستی صحت کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی گلوبل فنڈ وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 نومبر 2019 17:42

گلوبل فنڈ کا 300 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 نومبر2019ء) گلوبل فنڈ نے پاکستان میں300 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری کو بڑھانے کا عندیہ دے دیا، سرمایہ کاری تپ دق، ایچ آئی وی اورملیریا کے خاتمے کیلئے کی جائےگی، وزیراعظم عمران خان نے گلوبل فنڈ کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے صحت کے شعبے میں کام کرنیوالے  گلوبل فنڈ کے وفد نے ملاقات کی۔

گلوبل فنڈ کے وفد نے وزیراعظم کو کمپنی کے پورٹ فولیو اور صحت کے شعبے میں اقدامات سے آگاہ کیا۔ اسی طرح وفد نے پنجاب میں بھی ٹی بی کے خاتمے کیلئے ​​سرمایہ کاری سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ عالمی فنڈ پاکستان میں تپ دق، ایچ آئی وی اورملیریا کے خاتمے کیلئے سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو 300 ملین ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت معیاری اور سستی صحت کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ گلوبل فنڈ ملیریا سمیت دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے کام کرسکتی ہے۔ دوسری جانب ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کار بینک پاکستان مین انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے سڑکوں، توانائی، سینی ٹیشن اور عوامی ٹرانسپورٹ کے 4 بڑے منصوبوں کے لئے 511.81 ملین ڈالر سرمایہ فراہم کرے گا۔

ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کار بینک کے صدر کے سینئر ایڈوائزر کونسٹنٹین لیمیٹووسکی نے بتایا کہ نیشنل موٹروے ایم۔4 کیلئے 100ملین ڈالر، تربیلا ہائیڈرو توسیعی منصوبے کیلئے 300 ملین ڈالر، کراچی واٹر اینڈ سیوریج پراجیکٹ کیلئے 40 ملین ڈالر اور کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبوں کے لئے 71.81 ملین ڈالر کی رقوم کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو مزید بڑے منصوبے منظوری کے مراحل میں ہیں جن میں لاہور واٹر اینڈ ویسٹ۔

واٹر مینجمنٹ کا 400 ملین ڈالر کا منصوبہ اور راولپنڈی رنگ روڈ کا 402 ملین ڈالر کا منصوبہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اے آئی آئی بی لاہور واٹراینڈ۔ واٹر مینجمنٹ کی تیاری کے لئے 0.5 ملین ڈالر کی خصوصی گرانٹ بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی آئی بی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم میں تیزی سے اضافہ کیا ہے جو ملک کی قومی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تیار کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں