سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت نہ سنبھل سکی

سابق صدر کا طبی معائنہ مکمل، میڈیکل بورڈ نے نقل و حرکت سے سختی سے منع کر دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 21 نومبر 2019 18:37

سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت نہ سنبھل سکی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 نومبر2019ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت نہیں سنبھل سکی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کا طبی معائنہ مکملہو گیا جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی نقل و حرکت سے سختی سے منع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کے میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ مکمل کر لیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری نہیں آ سکی ہے جبکہ سابق صدر کا بلڈ پریشر لیول بھی بہتر نہیں ہو سکا۔ ‏سابق صدر کا شوگر لیول نارمل کرنے کے لیے انسولین میں اضافہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ‏آصف علی زرداری کے دل کے بھی چند ٹیسٹ آج کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کی کمر اور گردن میں بھی درد برقرار ہے جس کے لیے ان کی خصوصی فزیوتھراپی کی جا رہی ہے۔

یاد رے کہ گذشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ سابق صدر کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق پنجاب حکومت کو کئی درخواستیں دیں، جیل ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا پھر بھی انہیں ذاتی معالج فراہم نہیں کیا گیا جو کہ کیا جانا چاہیے۔سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ آصف علی زرداری کی صحت ہسپتال ذرائع کے اطلاعات تشویشناک ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ دانستہ طور سابق صدر تک ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ سابق صدر تک ذاتی معالج کی رسائی نہ دینا وحشیانہ عمل ہے ۔انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری کو پنڈی میں قیدرکھنا ہی سنگین سازش ہے ۔انہوںنے کہاکہ سابق صدر کسی الزام میں سزایاب نہیں سیاسی مغوی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ خدا نخواستہ سابق صدر کی زندگی کو نقصان پہنچا تو مجرم عمران خان ہونگے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں