ن لیگ نے آزادی مارچ کے لیے ایک ٹکہ بھی نہیں دیا: خواجہ آصف

اس وقت جو حالات ہیں انکا حل صرف الیکشن ہے، میری سیاسی پیشنگوئی ہے کہ جلد الیکشن ہو سکتے ہیں: رہنما مسلم لیگ ن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 21 نومبر 2019 21:02

ن لیگ نے آزادی مارچ کے لیے ایک ٹکہ بھی نہیں دیا: خواجہ آصف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 نومبر2019ء) : رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے آزادی مارچ کے لیے ایک ٹکہ بھی نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کیلئے ن لیگ کی جانب سے کوئی روپیہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کی وجہ سے حکومت ہل گئی تھی لیکن پھر بھی انہوں نے مقابلہ کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی تجزیے سے کہتا ہوں کہ اس وقت جو ملکی حالات ہیں انکا حل صرف الیکشن ہے، میری سیاسی پیشنگوئی ہے کہ جلد الیکشن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ناکام ہو رہی ہے ہم نے آزادی مارچ کیلیے فنڈنگ نہیں کی۔ دوسری جانب سربراہ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرریٹائرمنٹ سے پہلے فارن فنڈنگ کیس کافیصلہ دے دیں ورنہ انہیں ایکسٹینشن دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے چیف الیکشن کمشنر عہدے سے ریٹائرمنٹ سے پہلے اس کیس کا فیصلہ دیے دیں گے، وزیراعظم استعفی دیں یا پھر تین مہینے کے اندر اندر الیکشن کرائے جائیں، انہوں نے حکمران جماعت تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کی منطوری کو خوش آئندہ قراردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کتنا بزدل کھلاڑی ہے، اپنے اوپر آتی ہے تو راہ فرار اختیار کرتا ہے۔

فضل الرحمان نے طنز کیا کہ کہتے ہیں میں کھلاڑی ہوں مقابلہ کرنا جانتا ہوں۔ مگر اکبر ایس بابر کے مقابلے سے بھاگنے کی کوشش ہور ہی ہے۔انہوں نے کہا دوسروں کو چور کہنے والے خود احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ دوسری جانب رہنما پاکستان مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ انہیں شبہ ہے تحریک انصاف کی فنڈنگ کے پیچھے پاکستان دشمن قوتوں کا پیسہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں