وزیراعظم کونئے چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کی سمری بھجوا دی گئی

جسٹس گلزاراحمد نئے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ہوں گے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ ذرائع وزارت قانون

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 نومبر 2019 16:50

وزیراعظم کونئے چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کی سمری بھجوا دی گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 نومبر2019ء) وزیراعظم کونئے چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کی سمری بھجوا دی گئی، جسٹس گلزاراحمد نئے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ہوں گے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ ذرائع وزارت قانون کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے نوٹیفکیشن کیلئے سمری بھجوا دی گئی ہے۔

وزیراعظم کو سمری وزارت قانون کی جانب سے بھجوائی گئی ہے۔ جسٹس گلزار احمد نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔ جبکہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 18جنوری 2019ء کو عہدہ سنبھالا تھا۔ اسی طرح سنیارٹی اور مدت ملازمت کے لحاظ سے نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد21 دسمبر کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور یکم جنوری 2022ء کو دوسال بطور چیف جسٹس عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے، ان کے بعد جسٹس عمر عطاء بندیال 2 فروری 2022ء کو بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ عہدہ سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ 16ستمبر2023ء کو اپنی مدت ملازمت پوری کرے عہدے سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔اسی طرح 17ستمبر 2023ء کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور 25 اکتوبر 2024ء کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ ان کے بعد جسٹس اعجاز الاحسن اکتوبر2024ء میں بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اور اگست 2025ء میں عہدے سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ آپ کے بعد بالترتیب جسٹس سید منصور علی شاہ، منیب اختر اور یحیٰ آفریدی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ عہدہ سنبھالیں گے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بھی عہدے پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ جسٹس سید منصور علی شاہ اگست 2025ء میں بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ عہدہ سنبھالیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں