غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبہ سے اسلام آباد راولپنڈی کو یومیہ 20لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا،اسد عمر

منصوبہ پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے جسے چار سالوں میں مکمل کیا جائے گا،ترنول میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ دیہی علاقہ شاہ اللہ دتہ میں قائم بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے،تحریک انصاف کے رہنما ملک امتیاز کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 22 نومبر 2019 20:57

غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبہ سے اسلام آباد راولپنڈی کو یومیہ 20لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا،اسد عمر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبہ سے اسلام آباد راولپنڈی کو یومیہ 20لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا،حلقے کی عوام سے کیئے وعدے پورے کروں گا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک امتیاز کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کا پانی کی قلت کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جارہا ہے غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو یومیہ 20 لاکھ گیلن پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جس میں سے 10لاکھ گیلن اسلام آباد اور 10لاکھ گیلن راولپنڈی کو فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ منصوبہ پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے جسے چار سالوں میں مکمل کیا جائے گا،ترنول میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ دیہی علاقہ شاہ اللہ دتہ میں قائم بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور ایک ایمبولینس بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ زون تھری میں بجلی اور سوئی گیس کے مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک کے رہنما ملک امتیاز نے وفاقی وزیر کو کابینہ میں دوبارہ نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی اور حلقے میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا وفد میں خالد خان جنرل کونسلر ،رحمن خان ، غلام نبی،گلزار خان ،شوکت اعوان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں