الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام قومی ووٹر ڈے جمعرات کو بھرپور انداز میں منایا گیا

جمعرات 5 دسمبر 2019 21:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام قومی ووٹر ڈے جمعرات کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمشنر دفاترمیں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل ووٹر ڈے ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا تاہم چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے اس سال یہ دن 5 دسمبر کو منایا گیا۔

نیشنل ووٹر ڈے کی مرکزی تقریب الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں سبکدوش ہونے والے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا، کمیشن کے دونوں ممبران، سیکرٹری الیکشن کمشنر سمیت بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کے بعد قلیل وقت کے باوجود کمیشن نے اپنی ایک اور آئینی ذمہ داری بروقت مکمل کی اور وجود میں آنے والی نئی اسمبلیوں کے تحت صدارتی انتخابات 2018ء کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں الیکشن کمیشن بحثیثت ادارہ جس قدر مضبوط ہو گا اسی قدر وہ اپنے فرائض سر انجام دے سکے گا، ہم نے اس حوالے سے خاص توجہ دی۔ 271 افسران کو پانچ سال میں ترقیاب کیا گیا۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں نئے اضافی بلاک کی تعمیر، فیڈرل الیکشن اکیڈمی کیلئے نئے فلور کی تعمیر اور ڈویژنل سطح پر سٹرانگ روم کا قیام عمل میں لایا گیا، دفتری امور میں مزید بہتری کیلئے کئی نئے شعبے بنائے گئے جن میں مانیٹرنگ، جینڈر، ٹریننگ اور پولیٹیکل فنانس کے ونگ شامل ہیں، 141 ہیوی ڈیوٹی آپریشنل گاڑیوں کی ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر کمیشن کے دفاتر کو فراہمی یقینی بنائی گئی، ضلعی دفاتر کے لئے 13 پلاٹس حاصل کئے گئے، فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے لئے اسلام آباد میں پلاٹ خریدا گیا، انتخابی قانون 2017ء پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اپنی پہلی سالانہ اور انتخابات کے بعد کی رپورٹ بروقت تیار کی اور قانون کے مطابق وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو بھجوا دی۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اپنے دو پانچ سالہ سٹریٹجک پلان شائع کئے جو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے موبائل ایپ، جی آئی ایس پولنگ سٹیشن، آر ایم ایس رپورٹنگ ماڈیول اور ای سی پی کے فیلڈ آفسز کی آٹو میشن کے اہم کارنامے سر انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2018ء کا پر امن انعقاد گزشتہ پانچ سالوں کے دوران نبھائی گئی ذمہ داریوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

قبائلی اضلاع کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے نتیجہ میں صوبائی اسمبلی کی 16 نئی نشستوں کی حلقہ بندیوں اور انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری بھی بروقت نبھائی۔ گزشتہ پانچ سالوں میں تین صوبوں، اسلام آباد کنٹونمنٹ بورڈز میں مقامی حکومتوں کے عام انتخابات کرائے، سینیٹ کے انتخابات کرائے، انتخابی قانون 2017ء میں بھرپور معاونت کی، کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں کی تشکیل کا کام آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھٹی مردم شماری اور 24 ویں ترمیم کے بعد 2018ء کے اوائل میں قلیل مدت کے باوجود قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں عمل میں لائی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں