مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت پر اظہار تشویش

پیر 9 دسمبر 2019 16:23

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت پر اظہار تشویش
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم محمد نوا زشریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد تک بند ہے، ڈاکٹروں نے انہیں امریکا میں علاج کی تجویز دی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اس معاملے میں کئی طبی پیچیدگیاں سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہیں، کسی قسم کا رسک لینے کی بجائے اس شعبے کے امریکا میں موجود طبی ماہرین سے رجوع کرنا بہتر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نواز شریف کی امریکا منتقلی ڈاکٹروں کے لئے ایک اور طبی امتحان ہے، برقی شعاعوں سے اندرون پیٹ سکین کے ذریعے اندرونی اعضاء کے معائنے کی روشنی میں نواز شریف کی بائی آپسی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈاکٹروں سے مشاورت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس کے معاملے میں بھی بہتری پیدا نہیں ہورہی۔ سٹیرائڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ اب بھی جاری ہے جس کی وجہ سے نواز شریف کی شوگر انتہائی بلند سطح پر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر شوگر کی مقدار اور پلیٹ لیٹس کے توازن کو اعتدال میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طبی تجزیات کے باوجود پلیٹ لیٹس کی مسلسل کمی کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں