وزیراعظم عمران خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیاء وارنر لی پیک کی ملاقات

حکومت کی اقتصادی ٹیم نے قومی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، موجودہ حکومت سستے گھروں کی تعمیر کے شعبہ کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقات کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

بدھ 11 دسمبر 2019 23:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وسطی اور مغربی ایشیاء کے ڈائریکٹر جنرل وارنر لی پیک نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق لی پیک نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے خسارہ کو ختم کرنے اور معاشی استحکام کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان میں آبی وسائل کی تعمیر اور بالخصوص بیراج تعمیر کرنے کے حوالے سے بینک کے فنانشنل انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت کئے گئے اقدامات بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی تحفظ، زراعت کے شعبے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک میں مالیاتی نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا خصوصی ذکر کیا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم نے قومی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سستے گھروں کی تعمیر کے شعبہ کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقات کی ترقی کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی، بڑے فلاحی منصوبے احساس پروگرام، سستے گھروں کی تعمیر اور معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے بینک کی تکنیکی معاونت میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران اقتصادی امور ڈویژن کے وفاقی وزیر محمد حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے لئے ریذیڈنٹ مشن ژائو ہانگ بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں